تھمپو، 4؍جولائی(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )ہندوستان اور بھوٹان نے بین الاقوامی سرحد کے ساتھ ساتھ سیکورٹی کو بہتر بنانے کے اقدامات اور بھوٹان کے راستے اروناچل پردیش کے توانگ اور آسام کے درمیان سڑک کو کھولے جانے کے امکان پر تبادلہ خیال کیا۔وزیر داخلہ کرین رجیجوکی بھوٹان کے وزیر اعظم شیرنگ توبگے کے ساتھ ہوئی ملاقات میں ہندوستان -بھوٹان کی سرحد کے ساتھ ساتھ سیکورٹی تعاون، ہندوستان کے آسام، اروناچل پردیش اور مغربی بنگال جیسی ریاستوں اور بھوٹان کے درمیان زیادہ سے زیادہ کاروبار، دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی تبادلہ اور کئی دیگر معاملات پر بات چیت کی گئی۔رجیجو کا دو روزہ بھوٹان دورہ کل ختم ہوگیا ۔سمجھا جاتا ہے کہ ملاقات کے دوران بھوٹان کے وزیر اعظم نے بھوٹان کے لوگوں کے مختلف خدشات کا ذکر کیا جن کی وجہ سے بھوٹان سرحد پر مشترکہ سلامتی جیسی پیشکش کے لیے تیار نہیں ہے، ذرائع نے یہ معلومات دی۔بھوٹان نے ماضی میں ہندوستان کے ساتھ تعاون کیا ہے جن میں الفا اور این ڈی ایف بی جیسی تنظیموں کے عسکریت پسندوں کو اپنے ملک سے بے دخل کرنا بھی شامل ہے۔رجیجو نے کہاکہ بھوٹان کے معزز وزیر اعظم اپنی غیر جانبداری اور دور اندیشی کے لیے جانے جاتے ہیں۔ہندوستان کے تئیں ان کا واضح موقف اور شمال مشرقی ہندوستان کے ساتھ بامعنی تعلقات ہیں۔